سکیورٹی خدشات:چیئرمین سینٹ کو جیمرز فراہم کر نیکی منظوری

21 مئی ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب کی صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی نے چئیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ان کے دورہ پنجاب کے دوران جیمرز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے جیمرز والی گاڑیوں کے لئے سپیشل برانچ جبکہ بلٹ پروف گاڑیوں کے لئے ایس اینڈ جی اے ڈی میں دو پول بنانے کی بھی منظوری دی ,یہ فیصلہ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے ایک غیر معمولی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدرات ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل نے کی۔اجلاس میں آئی جی، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی پنجاب ، ایڈیشنل آئی جیز سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ، سیکٹر کمانڈر ز آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس ، پنجاب سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس اجلاس کے حوالے سے۔ ذرائع نے بتایا پنجاب میں جیمرز والی گاڑیوں کی کمی کے باوجود چئیرمین سینٹ کو پنجاب میں جیمرز والی گاڑی فراہم کی جائیگی۔ ذرائع نے بتایا صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی نے نئی بلٹ پروف اور جیمرز والی گاڑیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے 5نئی جیمرز والی گاڑیاں اور 9بلٹ پروف وہیکلز جس میں 3کوسٹرز، 3SUVʼsاورتین ٹیوٹا ہائی ایس شامل ہیں خریدنے کے لئے سمری وزیر اعلی کو بھجوا نے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے تمام سٹیشنز کے سیکورٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکورٹی آڈٹ کے لئے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی لاہور نے سفارش کی تھی جس کی صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی نے توثیق کر دی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جسٹس عالیہ نیلم کو بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کو بتایا گیا کہ 2022میں موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ شہزاد ملک جو اس وقت ہائیکورٹ سینئر ایڈمنسٹریٹو جج تھے اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو بھی سپر وائز کرتے تھے کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی تھی لیکن ان کی طرف سے درخواست آئی کہ انہیں نئی یا بہتر حالت کی بلٹ پروف گاڑی فراہم کی جائے تو معاملہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ریفر کیا گیا۔