ملک بھر میں گرمی، پنجاب میں تعلیمی ادارے 7 روز کیلئے بند،سندھ میں امتحانات ملتوی

21 مئی ، 2024

لاہور / کراچی/ملتان (نیوز ایجنسیز / اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کی وارننگ کے پیش نظر پنجاب میں تعلیمی ادارے 7؍ روز کیلئے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ نجی اسکولز کو امتحانات لینے کی مشروط اجازت ہوگی۔ ادھر سندھ میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں ہیٹ ویو نہیں ہے،کراچی میں مئی کے اختتام تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ جیکب آبادمیں سب سے زیادہ گرمی میں اضافہ، درجہ حرارت 47سینٹی گریڈ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام اسکول 7 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کردیا محکمہ اسکول ایجوکیشن نے 25 مئی سے 31 مئی تک چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ وزیر اسکول ایجوکیشن کے ترجمان کے مطابق 22 مئی سے اسکول بند کرنا تھے تاہم اسکولوں میں جاری امتحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ تبدیل کیا گیا۔امتحانات والے نجی سکولز کھلے رکھنے کی مشروط اجازت ہوگی۔وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ بچوں کوموسم کی شدت کے اثرات سے بچانا اولین ترجیح ہے۔ ادھر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت جاری سالانہ امتحانات 2024 جماعت نہم و دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے 21مئی سے 27مئی تک ہونے والے پرچے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ لہٰذا 28 مئی کو ہونے والا پرچہ شیڈول کے مطاق ہو گا۔ ملتوی ہونے والے پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات خالد احسان کے اعلامیہ کے مطابق مختلف گروپوں اور سوشل میڈیا پہ چلنے والا امتحانی ری شیڈول میٹرک بورڈ کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا جلد از جلد نیا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔جیکب آباد سے نامہ نگار کے مطابق گرمی میں اضافہ درجہ حرارت 47سینٹی گریڈ ہوگیا، شہر میں گرم ہواؤں کا راج ہے،لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔