ایرانی صدرکا ہیلی کاپٹرامریکا کا تیارکردہ’ ’بیل 212‘‘تھا

21 مئی ، 2024

تہران ( ایجنسیاں) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی جس ہیلی کاپٹر میں سفر کررہے تھے وہ امریکا کا تیار کردہ ’بیل 212 ‘ ہیلی کاپٹر تھا۔بیل ہیلی کاپٹر ( جسے اب بیل ٹیکسٹرون کے نام سے جانا جاتا ہے ) نے 1960 کی دہائی کے آخر میں بیل 212 ہیلی کاپٹر تیار کیا تھا، یہ یو ایچ-ون ایروکوس ( UH- 1 Iroquois ) ہیلی کاپٹر کا اپ گریڈ ورژن تھا، جو خاص طور پر کینیڈین فوج کیلئے ڈیزائن کیا گیا تھا ۔ اس ہیلی کاپٹر کے ڈیزائن میں ایک کے بجائے 2 ٹربو شافٹ انجن استعمال کیے گئے تھے جس کی مدد سے زیادہ افراد اس ہیلی کاپٹر میں سوار ہوسکتے تھے ۔امریکی فوج کی تربیتی دستاویزات کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر امریکی کمپنی ’بیل ہیلی کاپٹر‘ نے بنائے تھے اور امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تھائی لینڈ کی قومی پولیس سمیت سرکاری آپریٹرز کی جانب سے بڑے پیمانے پر اس کا استعمال کیا جاتا تھا۔اس مخصوص ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت 15 افراد کے سوار ہوسکتے ہیں۔