فضائی حادثات میں ایک درجن سے زائد ہلاک ہونیوالے سربراہان مملکت

21 مئی ، 2024

اسلام آباد(فاروق اقدس) ایک درجن سے زائد فضائی حادثوں یا کسی تخریب کاری کا شؒکار ہونے والے سربراہان مملکت کی ہلاکتوں کی تاریخ گو کہ خاصی پرانی ہے تاہم پاکستان کے حوالے سے اس فہرست میں صدر پاکستان جنرل محمد ضیاءالحق کا نام بھی شامل ہے تحقیقات کے نتائج برائے نام ہیں برازیلین فوجی سربرا ہمبرٹو ڈی ایلنکار کاسٹیلو برانکو ،عراق کے صدر عبدالسلام عارف ،پولینڈ کے صدر لیخ کازنسکی شا مل ہیں ۔یاد رہے پاکستان کے چھٹے صدر محمد ضیا الحق کا طیارہ 17 اگست 1988 کو بہاولپور میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں وہ 64 برس کی عمر انتقال کرگئے۔وہ بہاولپور میں فوجی یونٹوں کے معائنے کے بعد پاک فضائیہ کے طیارے سے اسلام آباد جا رہے تھے، طیارے کو اُڑان بھرنے کے 10 منٹ بعد ہی حادثہ پیش آیا تھا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد 1940 کی دہائی سے اب تک مختلف ممالک کے تقریباً 14 صدور المناک فضائی حادثات و واقعات میں ہلاک ہوچکے ہیں۔خبروں کے مطابق ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر 19 مئی کو آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ایرانی حکام نے آج (20مئی) صبح ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت دیگر کی موت کی تصدیق کردی ہے۔اسی طرح کے واقعات پر اگر ماضی میں دیکھیں تو سنہ 1940 سے اب تک پیش آنے والے فضائی حادثات و واقعات میں تقریباً 14 یا اس سے زائد صدور جان کی بازی ہار چکے ہیں۔7 ستمبر 1940 کو پیراگوئے کے صدر ہوزیف فیلکس ایس ٹیگریبیا (José Félix Estigarribia) شہر الٹوس میں طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔17 مارچ 1958 کو فلپائن کے صدر ریمن میگسیسے (Ramon Magsaysay) 49 برس کی عمر میں شہر بالمبن سیبو میں طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔نیریو راموس، جنہوں نے مختصر عرصے کے لیے برازیل کے عبوری صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، 16 جون 1958 کو 69 برس کی عمر میں فضائی حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔ان کا ہوائی جہاز ریاست پارانا میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔اس کے علاوہ 18 جولائی 1967 کو برازیلین فوجی سربراہ اور صدر مارشل ہمبرٹو ڈی ایلنکار کاسٹیلو برانکو کا ہوائی جہاز برازیل کے شہر فورٹالیزا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔انہوں نے 1964 کی فوجی بغاوت کے بعد پہلے آمر صدر کی حثیثت سے عہدہ سنبھالا تھا۔عراق کے دوسرے صدر عبدالسلام عارف نے 1958 کے انقلاب میں اہم کردار ادا کیا، ان کا ہوائی جہاز 13 اپریل 1966 کو دارالحکومت بغداد میں حادثے کا شکار ہوا تھا، جس کے نتیجے میں وہ 45 برس کی عمر میں جاں بحق ہوگئے۔27 اپریل 1969 کو بولیویا کے صدر رینے بیرنٹوس کا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا، اس حادثے کے نتیجے میں وہ 49 برس کی عمر میں چل بسے۔