فرانزک ٹریننگ لیب یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا حکم، شہروں میں صفائی کا پائیدار نظام لارہے ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز

21 مئی ، 2024

لاہور (خصوصی نمائندہ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب فرنزک سائنس ایجنسی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔مریم نواز نے فرانزک ٹریننگ لیب کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ نجی اور سرکاری یونیورسٹیوں میں فرانزک سائنس کے زیر تعلیم طلبہ کی ٹریننگ اور انٹرن شپ کرائی جائے گی،وزیر اعلیٰ نے فرانزک ٹریننگ لیب کی جلد تکمیل اور بہترین آلات کی فراہمی ، ڈی جی خان میں ایویڈنس سنٹر فعال کرنے کی ہدایت کی،ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد امجد نے افعال کار سے آگاہ کیا،اس موقع پر ہر ڈیپارٹمنٹ کی لیب کو پی اے ایف ڈی اے کے تحت سنٹر لائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا،مریم نواز نے پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ کی جلد تکمیل اور فعال کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے آٹو میٹڈ فنگر پرنٹ ، اسلحہ اور ایمونیشن کی شناخت کے آٹو میٹڈ بیلسٹک سسٹم ، جینٹک اینلائزر مشین کامعائنہ کیا ،وزیر اعلیٰ کو ڈی این اے سیرالوجی میں کروموسوم کی نشاندھی، پولی گراف ایگزامینیشن کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں بتایاگیا کہ پنجاب فرانزک ایجنسی پورے پاکستان کو خدمات فراہمی سمیت سٹیلائٹ سٹیشن کے ذریعے کرائم سین مانیٹر کررہی ہے۔ ایجنسی 14-ڈسپلن کے فرانزک ٹیسٹ کررہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سے لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ،جن میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ایم پی اے میاں مرغوب شامل تھے، مریم نواز نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آ سانی پیدا کرنا عزم ہے، شہروں کی صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار نظام لارہے ہیں، لاہور سمیت ہر شہر کی کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا، ۔ اس موقع پر لاہور کی ڈویلپمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کی عمومی صورتحال کا جائزہ اور مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے پنجاب میں عوام کی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نوازکے اقدامات کو سراہا اور عوامی ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مریم نوازکا عوامی مسائل کے حل کیلئے ویژن اور رفتار قابل تحسین ہے۔نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔ ایم پی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ لاہور کی کچی آبادیوں اور مضافاتی بستیوں کی قسمت بدل رہی ہے۔،علاوہ ازیں مریم نواز نے مظفر گڑھ میں سکول کی چھت گرنے سے کمسن طالبعلم کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لے لیا ہے۔وزیراعلی ٰنے ڈی سی مظفر گڑھ سے رپورٹ طلب کر لی ۔