آئین کیساتھ مذاق نے ملک کو بحرانوں میں مبتلا کردیا ، پشتونخوامیپ

28 نومبر ، 2021

کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی زندگی سیاسی جمہوری قوم دوست علمی سیاست سے تعبیر ہے ، خان شہید اپنی سیاست بصیرت سے مستقبل کا سیاسی نقشہ کھینچتے تھے اور وہ نقشہ سیاسی انجینئرنگ کا اعلیٰ نمونہ ثابت ہوتا تھا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ خان شہید کی شہادت کی 48ویں برسی کے موقع پر ملک ، بیرون ملک ،صوبے میں ہونیوالے تمام اجتماعات ،تعزیتی ریفرنسز اور 2دسمبر کو کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے عظیم الشان جلسہ میں شرکت کرکے وطن دوستی ، جمہوریت پسندی اور ان کی بے لوث خدمت پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار 2دسمبر کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں کچلاغ کلی سملئی ابتدائی یونٹ کے اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ، ضلعی معاون سیکرٹری فاروق وطنشاد، علاقائی سیکرٹری نصیر احمد کاکڑ، یونٹ سیکرٹری پالے شاہ ،حاجی رحمت اچکزئی ، بروری علاقائی یونٹ کے کمیٹی اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی ، ضلعی معاون سیکرٹری نظام عسکر، علاقائی سیکرٹری اختر لونی ،سینئر معاون سیکرٹری دلدار خان ،تختانی بائی پاس علاقائی یونٹ سے مربوط بارگزئی ٹاؤن میں اولسی جرگے ،سریاب علاقائی یونٹ سے مربوط خلجی کالونی غزنوی یونٹ کے زیر اہتما م اولسی جرگے، ہزار گنجی کلی مسلم آباد میں اولسی جرگے سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، خوشحال خان کاکڑ، علاقائی سیکرٹریزحمد اللہ بڑیچ، عبدالعلی اچکزئی ،عبید اللہ بڑیچ،نعیم اچکزئی، سید عبدالخالق آغا، منظور تارن ،عبید اللہ توخئی، یار محمد بریال ودیگر نے خطاب میں کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملکی آئین کے آرٹیکل 6میں آئین توڑنے ، معطل کرنے کی سزا سزائے موت مقرر کی گئی ہے لیکن ملک کی تشکیل سے اب تک ان آمروں اور آمریت نوازوں کو سخت ترین جرم کی کوئی سزانہیں دی گئی ۔ مقررین نے کہا کہ آئین کے ساتھ مذاق نے ملک کو سخت بحرانوں میں مبتلا کردیا ہے آج ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کے سب سے نچلی سطح 16ارب پر آگئے ہیں ۔ معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے، کل آمدن قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہوگی اور اب مسلط سلیکٹڈ حکومت میں بھی جی ڈی پی منفی میں چلا گیا ہے ۔ صرف یہی نہیں تیل ، گیس ، بجلی کی قیمتوں میں ایک جانب اضافہ کیا جارہا ہے اور دوسری طرف عوام کو بجلی گیس اور نہ ہی تیل مہیا ہے اس کے علاوہ دیگر ضروریات زندگی کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔ ڈالر کی اڑان اور روپے کی گراوٹ سخت ترین مہنگائی آنے کی نشاندہی کررہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ اس کے اکابرین مسلط صورتحال کے بار ے میں ملک کے عوام اور سیاسی جمہوری قوتوں کو آگاہ کرتے چلے آئے ہیں اور ان بصیرانہ باتوں پر خان شہید کو دو مرتبہ عمر قید کی سزائیں ہوچکی ہیں ۔ اسی طرح پارٹی کے خلاف سازشیں کی گئیں جو آج تک جاری ہیں ۔پارٹی کے سیاسی جمہوری کارکنوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خان شہید کی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کوآگے بڑھائیں۔