نان فائلرز کی 3 ہزار 400 سے زائد سمز بلاک کی جا چکی ہیں، ایف بی آر

22 مئی ، 2024

کراچی(این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے نان فائلرز کو خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک 3 ہزار 400 سے زائد سمز بلاک کی جاچکی ہیں۔نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کے معاملے پر ایف بی آر سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ مزید لاکھوں نان فائلرز کی سمز بتدریج بلاک کی جائیں گی۔ایف بی آر کے حکام نے بتایا کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو نان فائلرز کی فہرست شیئر کی جا چکی ہے، پی ٹی اے کو بھی 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کی فہرست دی گئی ہے۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ نان فائلرز کی موبائل سمز چھوٹے گروپس میں بلاک کی جائیں گی، اس مقصد کے لئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر 2024 پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔