حملے کی مذمت کرتے ہیں، واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئے، وفاقی وزیر اطلاعات

22 مئی ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز / ایجنسیاں)پی ٹی آئی ارکان کا پارٹی ترجمان رؤف حسن پر حملےکے خلاف سینیٹ میں شدیداحتجاج ‘شیم شیم کے نعرے ‘ایوان سے واک آؤٹ کیا۔جیونیوزکے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑنے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئے ‘خواجہ سراؤں کو حراست میں لیاجائے توکہانی سامنے آجائے گی جبکہ بیرسٹرعلی ظفر کا کہناتھاکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کوپیغام دیاگیاہے کہ اگر آپ پریس کانفرنس یا پی ٹی آئی کی ترجمانی کریں گے تو آپ کے ساتھ بھی ایساہوسکتاہے ۔منگل کو ایوان بالا میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہاکہ رؤف حسن پر حملہ جمہوریت پر حملہ ہے ‘یہ بہت سنگین واقعہ ہے‘ یہ قابل برداشت نہیں ہے‘بات یہاں تک آگئی ہے کہ سب سے بڑی جماعت کے ترجمان پر حملہ کیا گیا ہے۔شبلی فراز کے نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ واقعے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائےگی‘وزیر داخلہ سے رابطہ کروں گا ۔ ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ رؤف حسن کو جس طرح کٹ لگا یہ جان لینے کی کوشش تھی۔ اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رؤ ف حسن کو ٹانکے لگائے گئے ہیں اور وہ سنبھل گئے ہیں‘ رؤف حسن کی گاڑی کا دو روز قبل بھی پیچھا کیا گیا تھا۔ تین لوگوں نے تشدد کیا چوتھے نے بلیڈ مارا اور پانچویں نے ویڈیو بنائی۔ رؤ ف حسن کے چہرے پر گردن کے قریب 19 ٹانکے لگے ہیں۔