سینیٹ، فیصل واوڈا نے سپریم کورٹ جج کیخلاف تحریک استحقاق پیش کردی

22 مئی ، 2024

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سینیٹر فیصل واؤڈا نے ’پراکسی‘ کے ریمارکس پر سینیٹ میں سپریم کورٹ کے جج کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئےتوہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا اورکہا کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں ‘ججز کے مس کنڈکٹ پر بات کرنا اگر جرم ہے تو مجھے پھانسی دے دیں کیوں کہ میں یہ کرتا رہوں گا ‘۔ منگل کو سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میں پارلیمان اور قوم کوایک پیج پر لے کر آگیا ہوں اور آج ہم سب آئین و قانون کی بالادستی پر متحد ہوگئے ہیں۔ جن پر توہین عدالت لگنی چاہیے ان پر نہیں لگائی گئی، مجھے عدلیہ سے پہلے بھی انصاف کی توقع نہیں تھی۔