پیڈمک ،فیڈ مک سمیت تمام بورڈ تبدیل کرنے کا حکم ، سینی ٹیشن چارجز 50فیصد کم ، ہائیڈرو پراجیکٹس کا پانی مہنگا نہ کیا جائے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

22 مئی ، 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ایل ڈی اے ایونیوون میں 87کینال پر محیط ماڈل سنٹر پارک کا افتتاح کر دیا ،لاہورکو بہترین ماحول دوست رہائشی شہربنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغازکر دیا گیا۔ وزیراعلی نے پارک میں پودا بھی لگایا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے بتایا پارک میں جاگنگ ٹریڈ،واک ویز، کڈز پلے ایریا،اوپن جم اور بیڈمنٹن کورٹ ،کیفے ٹیریا، مسجد اورروز گارڈن بنایاگیا ہے، واک ویز،سولر سٹریٹ لائٹس ، کھانے پینے کی اشیاء کیلئے مخصوص وینڈنگ پوائنٹس ، رین واٹر ہارویسٹنگ،سائیکلنگ اورماڈل قبرستان بھی ہے۔ مریم نواز نے صاف ستھری اور نئے ڈیزائن کی ریڑھیوں پر فروخت کیلئے رکھے پھل اور سبزیاں دیکھ کر کہا کہ اچھا انتظام ہے،کسی روز اچانک آکر دوبارہ بھی چیک کروں گی، ایل ڈی اے اپ گریڈڈ انفورسمنٹ سکواڈ کو نئے موٹر سائیکل کی چابیاں دی گئیں،وزیر اعلیٰ نے پیڈمک اور فیڈمک سمیت دیگر بورڈفوری طور پر تبدیل کرنے اور مخلص،محنتی پروفیشنلزکو شامل کرنے کا حکم دے دیا۔ مریم نواز سے بزنس مین کمیونٹی کی ملاقات میں پالیسی سازی میں تاجروں اور صنعتکاروں سے مشاورت پر اتفاق ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے بعض تجاویز پر فوری عمل درآمد کیلئے احکامات دیئے۔ مریم نوا زنے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں نیچرل بزنس کلسٹر قائم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ لاہور میں فارما انڈسٹریل زون کیلئے تمام سہولتیں اور رعائتیں دیں گے۔لاہور میں پہلی انٹرنیشنل لیول فش مارکیٹ قائم کررہے ہیں۔ہول سیل مارکیٹیں رنگ روڈ پر شفٹ کرنے کا جائز ہ لیں گے۔ بزنس مین کمیونٹی نے کہا کہ انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ کا وژن بہت اعلیٰ ہے، وہ یادگار اختراعی اقدامات کررہی ہیں، ویمن ایمپارومنٹ ہورہی ہے ،ن لیگ حکومت کو اپناسمجھتے ہیں، بھرپور تعاون کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور اور قصور میں امن و امان بہتر بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے بجلی مہنگی ہونے کے خدشے کے پیش نظر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا ۔ کا بینہ سٹینڈنگ کمیٹی فنانس کےاجلاس میں مریم نوازنے کہاکہ واٹر چارجز بڑھانے کی مخالفت کریں گے۔ محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینی ٹیشن چارجز 50 فیصد سے زائد کم رکھنے کی بھی ہدایت کی-لاہوراو رفیصل آباد میں 400 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو سولرانرجی پر منتقل کرنے،موبائل ایپلی کیشن ای پے پر سروس چارجز کی منظوری بھی دی گئی- سیلز ٹیکس ادائیگی پر 100 ، دیگر ٹرانزیکشنز پر 15 روپے چارجز ہونگے۔ فیروز پور روڈ سے گارمنٹس سٹی کیلئے 306 ملین روپے سے رابطہ سڑک کی منظوری بھی دی گئی -وزیر اعلیٰ نے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں ”اپنی چھت اپنا گھر“ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا، انہوں نے فیصل آباد میں چھ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ۔