چودھری پرویزالٰہی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا

22 مئی ، 2024

لاہور(جنگ نیوز،کورٹ رپورٹر،نیوز رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی جیل سے رہا ہوگئے۔چوہدری پرویز الہٰی کوٹ لکھپت جیل سے ظہور الہٰی پیلس پہنچ گئے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا،وکیل پرویز الٰہی نے موقف اپنایا کہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ دو سال کی تاخیر سے درج کیا ، پرویز الٰہی نے رشوت لیکر بھرتیاں نہیں کیں یہ الزام غلط ہے ،پرویز الٰہی نےکسی امیدوار سے بھرتی کیلئے رشوت وصول نہیں کی ۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت منظور کی تھی۔دوسری جانب آئی جی پنجاب نے جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں پرویز الہٰی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرا دیں۔علاوہ ازیں اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الٰہی کی عدم پیشی پر فرد جرم کی کارروائی 3جون تک موخر کردی۔