کمشنر ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

23 مئی ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز )کمشنر اسلام آباد ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن رابعہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ 40 ہزار سے زائد ملازمین IESSI میں رجسٹرڈ ہیں جس کا مطلب ہے کہ نجی اداروں کے ان ملازمین کے چالیس ہزار سے زائد خاندان بہترین طبی سہولیات حاصل کر رہے ہیں۔آئی ای ایس آئی کمشنر نے یہ بات اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن بختاوری سے چیمبر ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ مزدور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس کے کارکنوں کو بہتر حقوق حاصل نہ ہوں اور ان کا محکمہ اپنے ہسپتالوں کے ذریعے مزدوروں کو صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے مزدوروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے آئی سی سی آئی کی جانب سے IESSI کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلیو ایریا میں زیر تعمیر پارکنگ پلازہ کا معقول حصہ سوشل سیکیورٹی ہسپتال لیبارٹری کے لیے الاٹ کیا جائے۔احسن بختاوری نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ I-10 سیکٹر میں واقع ہسپتال اور ڈسپنسری کی ملکیت بھی IESSI کے حوالے کی جائے۔ظفر بختاوری،فصی اللہ ، مقصود تابش ، حسن اختر،حیدر اسد، خالد چوہدری، چودھری وسیم، چوہدری علی، چوہدری بابر، چوہدری ناصر، محسن خالدو دیگر بھی موجودتھے۔