رنگ روڈ ، دادوچھا ڈیم نظر ثانی شدہ پی سی ون منظوری کیلئے ایکنک کو ارسال

23 مئی ، 2024

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ اور دادوچھا ڈیم نظر ثانی شدہ پی سی ون حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوادئیے گئے ۔یہ منصوبے پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے پاس تھے۔ذرائع کے مطابق تعمیراتی لاگت میں اضافہ کے بعد رنگ روڈ کا نظر ثانی شدہ تخمینہ تقریبا44ارب روپے بنایاگیا ہے۔منصوبہ کی ابتدائی لاگت 31اعشاریہ7ارب روپے تھی۔ دادوچھا ڈیم کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے بعد لینڈ ایکوزیشن کے تخمینہ میں اضافہ کیا گیا ہےاور اب ڈیم کا نظر ثانی شدہ تخمینہ تقریبا چودہ ارب روپے سے زیادہ ہے۔دادوچھا ڈیم کیلئے لینڈ ایکوزیشن پہلے2010 میں کی گئی تھی،بعد میں2020میں مزید اراضی حاصل کرنے کیلئے مالکان اراضی کو 2011 والے نرخ ہی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھاجس پر معاملات عدالتوں میں گئے تھے۔ دادوچھا ڈیم کےلئے زمین کی ایکوزیشن کیلئے 3اعشاریہ37ارب روپے کی منظوری دی گئی ۔