ریاض پیرزادہ اور حافظ نعیم الرحمٰن تعزیت کیلئے ایرانی سفارت خانہ گئے

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر نے غم کی اس گھڑی میں ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی ایران کے سفارت خانہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران کے صدر رئیس ابراہیمی اور دیگر ایرانی رہنماؤں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔