صحافیوں نے پیمرا کی عدالتی کوریج پر پابندی کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار، جنگ رپورٹر) پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پیمرا کی جانب سے عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کا 21 مئی کا نوٹیفکیشن مسترد کر دیا ہے۔ گزشتہ روز پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدر میاں عقیل افضل اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر فیاض محمود کی صدارت میں دونوں تنظیموں کا مشترکہ ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ تنظیموں کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں صحافتی تنظیمیں پیمرا کا نوٹیفکیشن مسترد کرتی ہیں۔ پیمرا نوٹیفکیشن کو آزادی صحافت اور آزاد عدلیہ کے خلاف قرار دیتے ہیں۔ پیمرا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرنے پر پابندی لگانے کا اختیار نہیں رکھتا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار رائے اور 19 اے عوام کو معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔ پیمرا کا نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ پیمرا کا عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن فوری واپس لیا جائے۔ دونوں صحافتی تنظیموں نے کہا کہ پیمرا نے نوٹیفکیشن واپس نہ لیا تو اسے عدالت میں چیلنج کریں گے۔