9مئی مقدمات ،فواد چوہدری سمیت سات ملزمان کی ضمانت منظور

23 مئی ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈیژن کے جج ملک اعجاز آصف نے 9مئی مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سمیت سات ملزمان کی ضمانت منظور کرلی،ملزمان کیخلاف 9مئی کو راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں دہشتگردی، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ بسمیت مختلف الزامات کے تحت بارہ مقدمات درج کئے گئے تھے تاہم ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی گزشتہ روز فواد چوہدری اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے جہاں فریقین کے وکلاء کی بحث مکمل ہونے پر مختلف مالیت کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی ضمانت کنفرم کر دی گئی۔دریں اثناء سپیشل جج اینٹی کرپشن راولپنڈی ڈویژن علی نواز بھکر نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے کروڑوں روپے رشوت وصول کرنے کے مقدمہ میں نامزد سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے کیس کی سماعت 29مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر مقدمہ کا مکمل چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا گزشتہ روز فواد چوہدری اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے تاہم مقدمہ کا چالان پیش نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی ۔