امریکہ چین کی ترقی روکنے کیلئے تائیوان بطور آلہ استعمال نہ کرے،چینی وزارت خارجہ

23 مئی ، 2024

بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ چین کی ترقی روکنے کیلئے تائیوان کو بطورآلہ استعمال نہ کرنے کے اپنے وعدوں پر ایمانداری سے عمل کرے اور ایک چین اصول کی خلاف ورزی سے گریز کرے۔ ترجمان وانگ وین بن نے یہ بات یومیہ پریس بریفنگ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے تائیوان کے علاقے کے نئے رہنما کو مبارکباد دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دئیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جو کچھ کیا ہے وہ ایک چین کے اصول اور چین امریکہ تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ امریکہ نے اس اقدام سے تائیوان کے ساتھ صرف ثقافتی، تجارتی اور دیگر غیر سرکاری تعلقات کو برقرار رکھنے کے اپنے سیاسی عہد کو توڑا ہے۔یہ تائیوان کی آزادی کی حامی علیحدگی پسندوں قوتوں کو سنگین غلط اشارہ پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف ایک چین موجود ہے۔ تائیوان چین کا ناقابل تقسیم حصہ ہے۔ یہ پہلی سرخ لکیر ہے جسے چین امریکہ تعلقات میں عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تائیوان کی آزادی کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، جو بھی تائیوان کی آزادی کی حمایت کرتا ہے اسے ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا۔