سٹاک مارکیٹ میں مندا ، انڈیکس 75ہزار پر برقرار نہ رہ سکا

23 مئی ، 2024

لاہور (سودی) گزشتہ روز دن بھر کے اتار چڑھائو کے بعد سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مندے پر ہوا۔ آخر میں دو سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی گر گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا پھر اتار چڑھائو اور اس کے بعد شروع ہونے والا پریشر آخر تک جاری تھا۔ اس دوران انڈیکس میں 307پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 372پوائنٹ کی کمی بھی۔ مندے کے دوران نجی سرمایہ کاروں کی طرف سے پینک سیل بھی آئی جبکہ زیادہ پریشر سٹہ والی ان کمپنیوں پر تھا ۔ سیل کے پریشر میں اضافہ کے باعث کاروباری حجم بھی بڑھ گیا۔ نجی سرمایہ کار خریداری کی بجائے پرافٹ ٹیکنگ اور سیل کو ترجیح دیتے رہےدیگر عناصر میں سرمایہ کاروں کے بجٹ پر خدشات اور قیاس آرائیوں سے پیدا ہونے والا خوف آئی ایم ایف کی شرائط میں روز بروز اضافہ اور ملکی سیاسی صورتحال شامل تھے۔ گزشتہ روز نجی سرمایہ کاروں، بینکوں اور آرگنائزیشنز نے نیٹ سیل کی جبکہ کمپنیوں، انشورنس سیکٹر اور بیرونی فنڈز کی نیٹ خریداری تھی۔ اختتام پر انڈیکس 250پوائنٹ کم ہو کر 74957پر آگیا۔ اس طرح 75ہزار انڈیکس کی سطح برقرار نہ رہ سکی۔ 132کمپنیوں میں اضافہ 236میں کمی 25میں استحکام رہا۔ 58کروڑ 44لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔