پاکستان کیلئے صاف توانائی سے متعلق ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا یو ایس ایڈ کے تعاون سے روڈ شو کے افتتاح سے خطاب، 14؍ کمپنیوں نے اپنا کام پیش کیا

23 مئی ، 2024

کراچی(نمائندہ جنگ)پاکستان میں تعینا ت امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نےکہا ہے کہ پاکستان کیلئے صاف توانائی سے متعلق ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے تاکہ قابل تجدید توانائی کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)کے تعاون سے دوسرے کلین ٹیک انویسٹمنٹ روڈ شو کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں صاف توانائی کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت لانے والی 14 کمپنیوں نے اپنا کام پیش کیا۔امریکی قونصل خانے کے مطابق نمائش کا مقصد شفاف توانائی کے پائیداراورقابل عمل حل کے لئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ پی پی ایس ای نے اپنے آغاز سے اب تک شفاف توانائی، ای موبلٹی اورتوانائی کی استعدادکاربڑھانے کے منصوبوں پر 3 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم جمع کرچکی ہے۔امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے نمائش میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف توانائی کو فروغ اور وسعت دینے کے لیے سازگار ماحول درکار ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکا سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کررہا ہے، پاکستان کے لئے کاربن کے کم اخراج اور صاف توانائی سے متعلق ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ناگزیرہے تاکہ قابل تجدید توانائی کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ اس موقع پر سندھ کی سیکرٹری برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اورساحلی امور ڈاکٹرنبیلہ عمرنے سفیر ڈونلڈ بلوم کے خیالات سے اتفاق کیا اور قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی کے شعبہ میں پاکستان کیلئے امریکی معاونت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے کو صاف اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر منتقل کرنے میں امریکی حکومت کے تعاون اورکاوشوں کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔