بچے کی ہلاکت پر لڑائی ،چلڈرن ہسپتال ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری

23 مئی ، 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) چلڈرن ہسپتال لاہور میں 9سالہ بچے کی ہلاکت،لواحقین اور ڈاکٹروں میں لڑائی کے بعد ہڑتال سے صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی ہے، ڈاکٹروں نے بدھ کو بھی ایڈمن بلاک کے سامنے دھرنا دیئے رکھا ، او پی ڈی کو مکمل بند رکھا، جس کی وجہ سے دور دراز سے اپنے بچوں کو علاج کیلئے لیکر آنے والے والدین شدید گرمی میں دن بھر خوار ہو کر واپس لوٹ گئے جبکہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث وارڈ میں زیر علاج مریضوں کا علاج معالجہ بھی برے طریقے سے متاثر ہو رہا ہے ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹرز پر حملہ کرنے والوںکو قرار واقعی سزا دی جائے انتظامیہ عہدے چھوڑ دے اور ڈاکٹروں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے ۔صدر واڈی اے پنجاب ڈاکٹر شعیب نیازی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز نے کل لاہور بھر کی سڑکوں پر احتجاج کیا مگر حکومت نے ابھی تک کسی مسئلے کو سننا تک گوارا نہیں کیا، کنٹینرز پر تصویر بنوائے کیلئے مہم تو جاری لیکن اسپتالوں کے حالات ابتر ہیں ،ڈاکٹرز کی تنخواہیں نہ بڑھائیں مریضوں کو سہولیات تو دیں۔