اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی کے فروغ ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور سٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے،اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا،2025 میں ملک بھر میں 100 نئے ای۔روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اجلاس میں دی جو بدھ کو وزیراعظم ہاؤس آباد میں ہوا ،وزیراعظم نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت بھی کی، اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے بریفنگ دی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں سٹارٹ اپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ، ملک 29 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے گئے ہیں،دریں اثناء وزیراعظم نے پاکستان میں جیمز اور قیمتی پتھروں کے شعبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں خصوصاً خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بے پناہ قدرتی وسائل ہیں جن سے صحیح طور پر فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے،قیمتی اور نایاب پتھروں کی صنعت کے فروغ کے لئے ضروری قانون سازی اور ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تربیتی پروگرام شروع کئے جائیں ۔