حماد اظہر ایک سال بعد منظر عام پر، پولیس کا چھاپہ، پھر غائب

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (جنگ نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر اپنی روپوشی ختم کرکے ایک سال بعد منظر عام پر آگئےاور اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔ ان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس نے بھی تیزی دکھائی اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کو چاروں طرف سے گھیر کر چھاپہ مارا، تاہم اس سے قبل ہی حماد اظہر پھر غائب ہوگئے تھے۔ پارٹی سیکرٹریٹ میں چیئرمین بیرسٹر گوہر، عمران خان کی بہن علیمہ خان اور دیگر رہنما موجود تھے۔قبل ازیں اسلام آباد سیکرٹریٹ پہنچنے پرمیڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے کہا کہ کل مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت آگیا ہے۔ میں یہاں سے پشاور جا کر قبل از گرفتاری ضمانت لے کر عدالت میں پیش ہوں گا۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ مراد سعید سمیت اب پارٹی کے تمام روپوش رہنما ئوں کے باہر آنے کا بھی امکان ہے۔ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جاؤ لیکن اب روپوشی ختم کردی ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ میں رؤف حسن سے ملنے آیا، ان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم کسی صورت نہیں جھکیں گے۔