وزیراعظم کی آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات ،صدر رئیسی کے انتقال پر تعزیت

23 مئی ، 2024

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ امام خامنہ ای سے تہران میں ملاقات کی اور صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے المناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ صدر رئیسی ایک وڑنری رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لیے صدر رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی، ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف کئے گئے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں، علاوہ ازیں وزیر اعظم نے یادگاری تقریب میں شرکت کی اور مرحوم ایرانی صدر کی ایرانی عوام کی ترقی و خوشحالی، پاک،ایران تعلقات کے فروغ اور خطے کے لئے خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا،وزیراعظم اس ہال میں بھی گئے جہاں مرحوم ایرانی صدر کا جسد خاکی رکھا گیا تھا، انہوں نے مرحوم صدر کے بلندی درجات کے لئے دعا کی،وزیراعظم نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے بھی تعزیت کا اظہار کیا، دریں اثناء وزیراعظم نے تعزیتی تقریب کے دوران ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز ، وزیر خارجہ ہکان فیدان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر پر امور پر بات چیت کی گئی،وزیر اعظم اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ،دونوں رہنماؤں نےمختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔