اگلے 5 سال کے سیٹ اپ کوپی ٹی آئی نے قبول کرلیا،طلال چوہدری

23 مئی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگلے پانچ سال کا سیٹ اپ بن چکا ہے جسے پی ٹی آئی نے قبول کرلیا ہے،توہین عدالت میں پارلیمنٹرینز اور سیاستدان ہی کیوں آتے ہیں، آئین توڑنے والا کبھی توہین عدالت میں نہیں آیا، آئین توڑنے کا تحفظ کرنے والے ججز پر کیا توہین عدالت نہیں لگتی، توہین عدالت کا قانون پوری دنیا میں ختم ہوچکا ہے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، اداروں، عدلیہ اور تحریک انصاف کے درمیان محاذ آرائی نے شدت اختیار کرلی ہے۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں انصاف ہو،کیا پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ نہیں ہوئی، کیا سائفر سب کے سامنے نہیں لہرایا گیا، 190ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، بانی پی ٹی آئی سخت بیانیہ اپنارہے ہیں تاکہ دباؤ ڈال سکیں، وہ سمجھتے ہیں اس طرح حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دباؤ میں آئے گی، ایک دن ان سے بات ہوگی اور ان کے سارے گناہ معاف ہوں گے۔، انہیں کندھوں پر بٹھا کر وزیراعظم ہاؤس لایا جائے گا لیکن یہ دن گزر چکے ہیں،بانی پی ٹی آئی کی یہ خواہشات پوری نہیں ہوں گی۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی ایک صوبے میں حکومت ہے وہ نظام کا حصہ ہے، انہیں کیسوں کا سامنا کرنا پڑے گا، بلیک میلنگ سے مذاکرات نہیں ہوں گے، ہم واضح ہیں سسٹم میں دوسرے اداروں کا عمل دخل نہیں ہونا چاہئے، جب ادارے یا کچھ افراد پیچھے ہٹے تو ن لیگ بھی پیچھے ہٹ گئی۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، اداروں، عدلیہ اور تحریک انصاف کے درمیان محاذ آرائی نے شدت اختیار کرلی ہے، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ پر سیاسی انجینئرنگ کے الزامات لگارہی ہے، عدلیہ اسٹیبلشمنٹ پر مداخلت کا الزام لگارہی ہے، پراکسیز کے ذریعہ پریس کانفرنس کے الزام لگارہے ہیں، حکومت نہ صرف عدلیہ کے سامنے آگئی ہے بلکہ پنجاب حکومت ہتک عزت کے نام پر میڈیا کی آواز دبانے کیلئے ایک نیا متنازع قانون لے آئی ہے جس پر حکومت کی سب سے بڑی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی بھی اس کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار نہیں ہے، رؤف حسن پر حملہ کس نے کیا یہ معاملہ معمہ بن گیا ہے، خواجہ سرا کمیونٹی کی ترجمان نایاب علی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہم نے رؤف حسن پر حملے کی ویڈیو دیکھی ہے حملہ آور خواجہ سرا نہیں لگتے، ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی باڈی لینگویج خواجہ سراؤں جیسی نہیں ہے، دوسری طرف کئی ماہ سے روپوش پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر منظرعام پرآگئے ہیں، حماد اظہر کا کہنا ہے کہ رؤف حسن پر حملے کے بعد عمران خان کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آکر قیادت کرنے کا وقت آگیا ہے، مراد سعید سمیت اب تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔