اگلے 5 سال کے سیٹ اپ کوپی ٹی آئی نے قبول کرلیا،طلال چوہدری

23 مئی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگلے پانچ سال کا سیٹ اپ بن چکا ہے، جسے پی ٹی آئی نے قبول کرلیا ہے،توہین عدالت میں پارلیمنٹرینز اور سیاستدان ہی کیوں آتے ہیں، آئین توڑنے والا کبھی توہین عدالت میں نہیں آیا، آئین توڑنے کا تحفظ کرنے والے ججز پر کیا توہین عدالت نہیں لگتی، توہین عدالت کا قانون پوری دنیا میں ختم ہوچکا ہے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، اداروں، عدلیہ اور تحریک انصاف کے درمیان محاذ آرائی نے شدت اختیار کرلی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں انصاف ہو،کیا پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ نہیں ہوئی، کیا سائفر سب کے سامنے نہیں لہرایا گیا، 190ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، بانی پی ٹی آئی سخت بیانیہ اپنارہے ہیں تاکہ دباؤ ڈال سکیں، وہ سمجھتے ہیں اس طرح حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دباؤ میں آئے گی لیکن یہ دن گزر چکے ، انہیں کیسوں کا سامنا کرنا پڑیگا۔