سمز بند کرنے پر حکم امتناع نہیں،حکومتی آرڈراب بھی بر قرار،اسلام آباد ہائیکورٹ

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے حکومتی فیصلے کیخلاف موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کی درخواست پر جاری حکم امتناع خارج کرنے کی حکومتی درخواست کی سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ایک بات واضح کر دوں کہ حکم امتناع سمز بلاک کرنے پر نہیں ، صرف درخواست گزاروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تھا ، حکومت کا سمز بلاک کرنے کا آرڈر اب بھی موثر ہے ، فریقین کیس کی نئی تاریخ پر اتفاق کر کے عدالت کو آگاہ کر دیں ، جون کی کوئی تاریخ رکھ لیں۔ گزشتہ روز فاضل چیف جسٹس نے موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کیخلاف کارروائی پر جاری حکم امتناع خارج کرنے کی حکومتی درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت سمجھ سکتی ہے کہ حکومت معاشی ریفارمز پر فوکس کر رہی ہے ، یہ اقدام بھی انہی ریفامرز کے تناظر میں لیا گیا ہو گا ، عدالت کوشش کرے گی کہ جلد از جلد اس کیس کا فیصلہ ہو جائے ، ہم کیس کی آئندہ سماعت کے لئے جون کی کوئی تاریخ مقرر کر دیتے ہیں ، ایسا کر لیں کہ دونوں فریقین کسی تاریخ پر متفق ہو کر عدالت کو آگاہ کر دیں۔