وزیر داخلہ کا کیپٹل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور لیب کو اپ گریڈ کرنیکا اعلان

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور لیب کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سے ماسٹر پلان طلب کرلیا۔ وزیر داخلہ نے بدھ کو کیپٹل ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹل ہسپتال میں آپریشن تھیٹرز سمیت علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک اور وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے دریافت کیا۔ بیشتر مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بعض مریضوں نے طبی سہولتوں کے فقدان کی شکایات کیں۔ کینسر کے مرض میں مبتلا مریضہ راحیلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بیماری کے بارے بتاتے ہوئے رو پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ3 ماہ سے آرہی ہوں کوئی توجہ نہیں دیتا۔ وزیر داخلہ نے مریضہ کو دلاسہ دیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہسپتال کو مریضہ کے علاج کے حوالے سے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے ملاقات کی اور ان کے مسائل پوچھے۔ انہوں نے مریضوں سے مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے استفسار بھی کیا۔ وزیر داخلہ نے ڈائیلسز کرانے والے مریضوں کا ریکارڈ چیک کیا۔ محسن نقوی نے ڈاکٹرز کی جانب سے چیک اپ نہ کرنے پر بزرگ خاتون کی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو اپنی نگرانی میں بزرگ مریضہ کا علاج کرانے کی ہدایت دی۔وفاقی وز یرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے ہسپتال میں لوگوں کا ہیلتھ کارڈ پر علاج کیا جائے۔