یقین دلاتا ہوں PIA بولی براہ راست نشر ہوگی، وزیر نجکاری

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ایوان بالا کو وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری شفاف طریقے سے کی جائے گی اور نجکاری کے تمام مراحل براہ راست میڈیا پر دکھائے جائیں گے ، پی آئی اے پر 810ارب روپے کا بوجھ ہے اور حکومت مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتی ہے ۔بدھ کو ایوان بالا میں توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے سینیٹر قرۃ العین مری نے کہاکہ پی آئی اے کا جو حال کیا گیا ہے وہ سب کے سامنے ہے،سینیٹر ضمیر حسین نے کہاکہ سابق دور میں پی آئی اے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے اور یہ پی آئی اے کو فروخت کرنے کی ایک سازش تھی ، نجکاری پر ملازمین میں بے حد تشویش پائی جاتی ہے سینیٹر پونجو بھیل نے کہاکہ پی آئی اے کو جس طریقے سے فروخت کیا جارہا ہے اس کی وضاحت ضروری ہے،سینیٹر کاظم علی شاہ نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اس کو پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نجکاری کے حوالے سے 8کمپنیاں سامنے آئی ہیں اگر کسی کو بھی اعتراض ہے تو وہ سامنے لائے، پی آئی اے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ ہی دیا جارہا ہے، ملازمین کو اگلے تین سالوں تک فارغ نہیں کیا جائے گا۔