کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانےکیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ،رانا تنویر

23 مئی ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اینڈ صنعت و پیداوار رانا تنویر سے صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے گزشتہ روز ملاقات کی،ملاقات میں زراعت کی ترقی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،اس موقع پر ملاقات میں وفاقی سیکرٹری انڈسٹری وسیم اجمل چوہدری بھی موجود تھے، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر زرعی شعبے کی ترقی کا پختہ عزم کر رکھا ہے ،کسانوں کو یوریا اور ڈے اے پی کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانےکیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے،کسانوں کو کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایک ایپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہےجس کا مقصد فرٹیلایزر کمپنی سے لیکر ڈیلر تک کھاد کی نگرانی کی جائےگی، وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں اس عمل کی بھر پور نگرانی کریں گی جو عناصر منافع خوری اوور پراسیسنگ میں ملوث ہونگے ان کے کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔