کراچی (جنگ نیوز، ایجنسیاں)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشکول توڑ دیا ہے، اس کشکول سے ہم کہیں کے نہیں رہیں گے۔متحدہ عرب امارات سے قرض نہیں بلکہ مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں اور تعاون چاہتے ہیں جو باہمی مفاد کے لیے ہو۔ پاکستان اور یواے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کی شراکت داری سے متعلق راؤنڈ ٹیبل سیشن سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کی قیادت میں متحدہ عرب امارات ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے، متحدہ عرب امارات اس وقت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ جدید خطوط پر آئی ٹی انفراسٹرکچر کو استوار کر رہا ہے۔ بطور پاکستانی ہمارے لیے یہ خوش آئند ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ہونہار آئی ٹی پروفیشنلز یہاں موجود ہیں جبکہ اسی طرح پاکستان سے بھی ہونہار پروفیشنلز یہاں موجود ہیں جو معیشت کے مختلف شعبوں کو ڈیجیٹائز کرنے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان اپنی آبادی جس میں اکثریت نوجوانوں کی ہے اس کی وجہ سے پاکستان میں بہت مواقع موجود ہیں، ہماری آبادی کی 60 فیصد اکثریت 15 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ میں نے اپنی حکومت کے ڈھائی ماہ کے دوران زیادہ تر وقت آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ پر صرف کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، برآمدات بڑھانے، صنعت اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کی، آئی ٹی پروفیشنلز معیشت کے تمام شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل ہو۔ مستقبل تیل و گیس پر انحصار کی بجائے نوجوانوں کی تربیت اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ جیسی نان آئل و گیس اکانومی پر مبنی ہو گا۔ شیخ محمد بن زید کا یہ وژن ہے کہ نہ صرف خام مال کی امپورٹ ایکسپورٹ بلکہ خام مال کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرکے اس کی برآمدات میں یو اے ای کا نمایاں کردار ہو اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہ پاکستان کے عظیم دوست اور معاون ہیں، وہ اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جو ایک وژنری لیڈر تھے۔ شیخ محمد بن زید کی طرف سے معیشت میں لائی گئی جدت قابل رشک ہے، انہوں نے کہا کہ اس راؤنڈ ٹیبل سیشن میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے، یہ نشست اس بات کی متقاضی ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں کس طرح اہداف کو حاصل کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی معیشت کی ہیئت تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موجود اپنے بھائیوں کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کی ہیئت کو مکمل طور پر بدل دیں گے، جوائنٹ وینچرز اور نالج شیئرنگ شراکت داری کی بنیاد پر ہم یہ کام کریں گے۔ ہم نے کشکول توڑ دیا ہے کیونکہ اقوام عالم قرض یا امداد سے نہیں بلکہ دن رات محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،اسی جذبہ کے ساتھ ہمیں خود انحصاری کی منزل کو حاصل کرنا ہے۔ ڈھائی ماہ کے قلیل عرصے میں ہم نے اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو بدل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے اپنے والد کی طرح ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے ہمیشہ ایک خاندان کی طرح پاکستان کی مدد کی، ہم اپنے برادر ملک سے قرض نہیں چاہتے بلکہ ان سے مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون چاہتے ہیں جو باہمی مفاد کے لیے ہو۔ ہمارے پروگرام کے تحت اعلیٰ سطح کی ووکیشنل ٹریننگ اور جدید ہنر سے آراستہ کرنا شامل ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل یو اے ای، ابوظہبی اور دبئی میں آ کر قانونی تقاضے پورے کرکے اپنے دفاتر قائم کرے اور پاکستان سے نوجوان خدمات سرانجام دیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں، ایس ایم ایز کو سپورٹ ملے اور میں یہ خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہوں، میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس شعبہ میں آگے بڑھنے کےلیے تیار ہوں کیونکہ خطرہ مول لیے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اس مقصد کیلئے تانیہ ادریس اور آصف پیر کی پاکستان کے عوام کیلئے خدمات حاصل کی ہیں۔انہوں نے باصلاحیت آئی ٹی پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے سفیر ہیں، ہم نے متحدہ عرب امارات کو مختلف شعبوں میں ماضی میں تعاون فراہم کیا ہے، اسی طرح ہم اب اماراتی قیادت سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ اب ہمارے عوام کو تربیت دیں۔وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ یو اے ای کے دوروان اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کریں گے۔نائب صدر و نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زیدالنہیان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پاک امارات تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے، وہ دورے میں یواے ای قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔
پشاورخیبرپختونخوااسمبلی میں حکومتی ممبران نے 190ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کوملنے والی...
لاہور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشینگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران راولپنڈی‘ اٹک‘ جہلم اور چکوال میں بارش...
نئی دہلیبھارتی فوج نے ریاست چھتیس گڑھ میں علیحدگی پسندوں کیخلاف نام نہاد ملٹری آپریشن کی آڑ میں 12شہریوں کو...
لاہور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نےکہا ہےکہ190ملین پائونڈ والا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے،سزا دیوار پر...
اسلام آباد متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کے دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹس روول اوور کردیے۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک...
راولپنڈی ضلع خیبر کےعلاقے تیراہ میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں5خوارج ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے...
پشاور الیکشن کمیشن نے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرنے پر خیبرپختونخوا اسمبلی کے33اراکین کی رکنیت معطل کردی ہے جن میں...
راولپنڈی پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ EO-1لانچ...