امریکی سفیر کا وفد کے ہمراہ چوکنڈی قبرستان کا دورہ، طرز تعمیر کی تعریف

24 مئی ، 2024

کراچی(این این آئی)امریکی سفیر برائے پاکستان ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ تاریخی چوکنڈی قبرستان کے مقبرے فنکارانہ مہارت اور نقش و نگاری کے کام کا اعلی نمونہ ہیں، چوکنڈی قبرستان تاریخی حیثیت سے پاکستان کے اہم قبرستانوں میں منفرد طرز تعمیر میں اپنی مثال آپ ہے جبکہ چوکنڈی کے مقبروں کی تعمیراتی ترتیب اور اس کے طرز تعمیر پر ان کے معماروں کی کاری گری و ہنرمندی قابل داد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قائمقام قونصل جنرل Jimmy Mauldin جمی مولڈین، Heather Murphy ہیتھر مرفی، زہرا حاجیانی، نریندر کمار و دیگر پر مشتمل وفد کے ہمراہ چوکنڈی کے تاریخی قبرستان کے دورے اور مقبروں کے معائنے کے دوران کیا۔ امریکی سفیر نےکہا کہ دورہ چوکنڈی قبرستان متاثر کن ہے، چوکنڈی و دیگر تاریخی مقامات کو مزید اجاگر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (UNESCO) یونیسکو کے تحت بھر پور تعاون کریں گے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط و دیرینہ تعلقات ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی و ثقافتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نےسیاحوں کیلئے امریکی ویزہ کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔