لیسٹر18: سالہ شخص سڑک پر چھرا گھونپنے سے ہلاک،2نوجوان گرفتار

24 مئی ، 2024

لندن (پی اے) لیسٹر میں 18 سالہ شخص سڑک پر چھرا گھونپنے سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس کو بدھ کے روزبرطانوی وقت کے مطابق 13:15سے عین قبل گلیز بروک روڈ، نیو پارکس پر چھرا گھونپنے کی اطلاع پر بلایا گیا تھا۔ لیسٹر شائر پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو ایئر ایمبولینس کے ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی لیکن اسے جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ فورس نے بتایا کہ 17 سال عمر کے دو نوجوانوں کو قتل کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے اور وہ زیر حراست ہیں جبکہ تفتیش جاری ہے۔ فورس نے مزید کہا کہ ایک 52 سالہ شخص کو بھی ایک مجرم کی مدد کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دو دیگر مردوں، جن کی عمریں 36 اور 17 سال ہیں اور ایک 38 سالہ خاتون کو پرتشدد بدنظمی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ افسران نے کہا کہ وہ سب زیر حراست ہیں۔ ایسٹ مڈلینڈز اسپیشل آپریشنز یونٹ (ای ایم ایس او یو) کی بڑی کرائم ٹیم سے تعلق رکھنے والے سراغ رساں انسپکٹر ڈیوڈ گرین ہالف نے کہا کہ یہ واقعہ ایک رہائشی علاقے میں دن کی روشنی میں پیش آیا، اس لئے مجھے پختہ یقین ہے کہ ایسے لوگ ہیں، جو ہماری مدد کر سکتے ہیں۔ میں دروازے کی گھنٹی، سی سی ٹی وی یا ڈیش کیم فوٹیج والے کسی سے شخص سے پولیس سے رابطہ کرنے کی درخواست کروں گا۔ کوئی بھی چیز، جو آپ ہمیں بتا سکتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ اسے کتنا ہی معمولی سمجھتے ہیں مگر ہمارے لئے وہ اہم ہو سکتی ہے۔