مہاجرین کے مسائل کو جلد حل کیا جائےگا،جاوید بڈھانوی

24 مئی ، 2024

مظفرآباد (آئی ا ین پی)وزیر بحالیات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری جاوید اقبال بڈھانوی کی زیر صدارت مہاجرین کی آبادکاری اور دیگر درپیش مسائل کے خاتمے کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہاجرین حلقوں سے ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر، وزراء حکومت راجہ محمد صدیق، محمد اکمل سرگالہ، عاصم شریف بٹ، جاوید بٹ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر لیاقت حسین، کمشنر بحالیات سردار خالد، ڈپٹی کمشنر بحالیات ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور کمشنر بحالیات سردار خالد محمود نے وزرا حکومت کو مہاجرین کی آباد کاری بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں نئی کالونیوں کے قیام اور پرانی کالونیوں میں ڈویلپمنٹ کے کام کے حوالے سے تجاویز کو زیرغور لایا گیا۔ اجلاس میں غیرآباد مہاجر کالونیوں میں مہاجرین کی آبادکاری، آباد کالونیوں میں ڈویلپمنٹ کے کام جبکہ آباد کالونیوں میں سٹیٹ سبجیکٹس کی تصدیق، لینڈ ایکویزیشن کے معاملات، نئی کالونیوں میں انفراسٹرکچر، مشترکہ حلقوں میں قائم کالونیوں میں معاملات کے حل اور آبادی کی آباد کاری کیلئے ڈیٹا کی تصدیق سمیت درپیش چیلنجز اور ان کے حل کیلئے تجاویز کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ مہاجرین حلقوں سے وزراء کرام وممبران اسمبلی کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔