اسلام کا نظام عدل قائم کئے بغیر اللہ کی مخلوق کو انصاف نہیں مل سکتا، ڈاکٹر مشتاق

24 مئی ، 2024

راولپنڈی (آئی این پی)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاہے اسلامی فلاحی معاشرہ اور اسلام کا نظام عدل قائم کیے بغیر اللہ کی مخلوق کو انصاف نہیں مل سکتا،اللہ تعالیٰ نے انسانوںکی تخلیق کرکے اس کے لئے ایک نظام بھی دیا، وہی نظام قائم اورنافذ ہوگا تو انسانیت مسائل سے آزاد ہوگی،جماعت اسلامی انسانوں کی گردنیں طاغوتی نظام سے آزاد کرانا چاہتی ہے ،طاغوتی نظام اور اس کی محافظ قیادت مسائل کی جڑہے،حکومت وزراءکی فوج ظفرموج کم کرنے کی بجائے اضافہ کرکے قومی خزانے پر بوجھ بڑھارہے ہیں،سارے نظام اور پارٹیاں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں، جماعت اسلامی ہی واحدجماعت ہے، جس کے پاس عوام کے مسائل کے حل کا ایجنڈا موجود ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیرضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع واجد اقبال عباسی،سابق امیر ضلع صالح طاہرسمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد محمد مشتاق خا ن نے کہاکہ 20لاکھ مہاجرین مسئلہ کشمیرکے سفیر بن کر کردار ادا کریں،نریندرمودی اور اس کے گماشتوں نے مقبوضہ کشمیرکے ساتھ ساتھ ہندوستان کے اندر بھی مسلمانوں سمیت دیگر مذاہب کے لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کیاہواہے ،یوگی کو یادرکھنا ہوگا، مسلمانوں نے اللہ اکبر کانعرہ لگایاتم نظرآؤں گے، اسلام امن کادین ہے اور دنیا کو امن سے بھرنا چاہتاہے ،ظالموںکو ظلم سے بازرکھنا ہر دور ہر وقت کا تقاضارہاہے ۔انھوں نے کہاکہ ہندوستان اور اسرائیل تیزی کے ساتھ اپنے انجام کو طرف گامزن ہیں،مودی اور نیتن یاہو ہندوستان اور اسرائیل کو انجام سے دوچار کریں گے۔