وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی

24 مئی ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں)وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی‘کمیٹی بجلی بحران ‘ہائیڈل منافع اورمالی معاملات پر ایک ماہ میںوزیراعظم کو سفارشات پیش کریگی‘ادھرشہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں ‘شوگر ملز پورا سال 140 روپے ایکس فیکٹری ریٹ یقینی بنائیں‘چینی کی برآمد کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی ۔ گزشتہ روز شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں چینی کی برآمد سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چینی برآمد نہ ہوئی تو آئندہ سیزن میں شوگر ملز دیوالیہ ہو جائیں گی اور آئندہ سیزن میں 40 شوگر ملز بند ہو جائیں گی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شوگر ملز نے رواں سیزن گنے کے کاشتکاروں کو 800 ارب روپے میں سے 760 ارب روپے ادا کیے، شوگر ملز نے رواں سیزن کاشت کاروں کو اب بھی 40 ارب روپے ادا کرنے ہیں، چینی برآمد نہ ہوئی تو شوگر ملز نومبر میں کرشنگ نہیں کر سکیں گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی اضافی ہے، 5 لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی تو 26کروڑ ڈالر حاصل ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا چینی کی برآمد کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کرے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی چینی کے اسٹاک اور عالمی مارکیٹ کا جائزہ لے‘ علاوہ ازیں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں 4 وفاقی وزرا سمیت 3 صوبائی وزیر بھی شامل ہیں، صوبائی وزرءا انجینئرمحمد انور، انجینئر اسماعیل، فتح اللہ خان اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بھی کمیٹی کے ممبر ہیں۔ کمیٹی کا مقصد گلگت بلتستان کے مالی معاملات اور دیامر بھاشا ڈیم سے گلگت بلتستان کو خالص ہائیڈل منافع کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنا ہے ۔