ٹی وی چینلز صرف عدالتی حکم اور براہ راست کارروائی نشر کرنے کے پابند ، حکومت کا صحافتی تنظیموں کو انتباہی نوٹس

24 مئی ، 2024

اسلام آباد / لاہور (نمائندگان جنگ )پیمرا نے عدالتوں ،ٹریبونلز اور نیم عدالتوں میں زیر سماعت معاملات پر تبصرے، رائے زنی یا تجاویز نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ، ٹی وی چینلز صرف عدالت حکم اور اُنہی کیسز کی رپورٹنگ کر سکے گا جنکی کارروائی براہ راست نشر ہو۔ وفاقی حکومت کی وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے ملک بھر کی صحافتی تنظیموں کو ایک نوٹس کے ذریعے متنبہ کیاہے اور کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ایک مقدمہ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں کسی بھی فردیا جماعت کی جانب سے توہین عدالت پر مبنی مواد کو کسی بھی نیوز چینل پر نشر کرنے یا کسی اخبار میں شائع کرنے کے عمل کو بھی توہین عدالت ہی تصور کیا جاتا ہے ۔ ادھر عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا پیمرا کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا تھا جس کی سماعت آج (جمعہ کو) لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔