ن لیگ کے حواریوں نے لینڈ مافیا سے گٹھ جوڑ کر کے عوام کو لوٹا،حسان خاور

28 نومبر ، 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نےپنجاب حکومت کی قبضہ گروپوں کے خلاف جاری مہم کے دوران قبضہ مافیا سے 4 سو ارب روپے سے زائد مالیت کی لاکھوں ایکڑ اراضی واگزار کرانے سے متعلق میڈیا بریفنگ کے دوران ن لیگ کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی اور بتایا کہ کس طرح ن لیگ کی حکومت اپنے دور اقتدار میں قبضہ گروپوں کی سرغنہ بنی ہوئی تھی۔ ن لیگ کے قائدین اور حواریوں نے سرکاری افسران اور لینڈ مافیا سے گٹھ جوڑ کر کے غریب عوام کو لوٹا اور اربوں روپے کمائے۔ باغوں اور پارکوں کے شہر لاہور کو سیمنٹ بجری اور لوہے کا قبرستان بنا کر رکھ دیا۔ انہوں نے ہر اس چیز کو اونے پونے داموں بیچ دیا جو وجود رکھتی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے اس شعر کے ذریعے پنجاب میں ن لیگ کی ”کارکردگی“ پر روشنی بھی ڈالی۔ چمن پہ بس نہ چلا ، ورنہ یہ چمن والے ہوائیں بیچتے، نیلام رنگ و بو کرتے۔انہوں نےکہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں سرکاری اراضی کو کمزور ترین ہدف سمجھتے ہوئے محکمہ جنگلات، اوقاف، محکمہ مال سمیت دیگر محکمہ جات کی 472 ارب مالیت کی دو لاکھ 23 ہزار ایکڑ سرکاری اراضی پر بلا خوف و خطر قبضے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر بقایا 35 ہزار ایکڑ رقبہ اگلے پانچ ہفتوں میں واگزار کرایا جائے گا۔ حسان خاور نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ حکومتی اراکین، سرکاری اہلکاروں اور قبضہ مافیا کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔ قبضہ مافیاز ان قبضوں کو مستقل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔