مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے پرانے قانون میں ترامیم کی ضرورت،یاسمین راشد

28 نومبر ، 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے وزیر سوشل ویلفئیر سید یاور عباس بخاری کے ہمراہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے نئے دفترکاافتتاح کردیا۔یاسمین راشدنے اس موقع پر گرین اینڈ کلین پاکستان منصوبہ کے تحت نیاپودابھی لگایااور دعاکی۔انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں پینٹنگزکے مقابلوں میں اول،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ملازمین کو بھی مباکباداور شاباش دی۔صوبائی وزیرنے مینٹل ہیلتھ اتھارٹی میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، اجلاس کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے ماسٹرپلان،تربیتی ادارہ اور کچن کے اقدامات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے اجلاس کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں مریضوں کیلئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیااور خیالات کا اظہارکیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کوبہترطبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے پرانے قانون میں ترامیم اشدضروری ہیں۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے پرانے قانون میں ترامیم کیلئے تجاویزمحکمہ قانون کو بھجوادی گئی ہیںکوروناوائرس کے چاروں ادوارمیں بھی انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ نے ذہنی امراض میں مبتلامریضوں کی خدمت کی ہے۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کا باقاعدہ سیکرٹریٹ بنایاجائے گاانسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں اس وقت گیارہ سوسے زائد مریضوں کو علاج،ادویات اور معیاری کھانے کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران ہسپتال اور رہائیشوں کی بہتری کیلئے براہ راست احکامات جاری کریں گے۔