اچھے دن آ رہے ہیں، مہنگائی کم، کرنسی مستحکم ہو تی جائیگی،وزیراعلیٰ مریم

26 مئی ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے اچھے دن آ رہے ہیں ،ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہاکہ الحمدللہ یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مسلم لیگ ن کی حکومت پر بیرونی اعتماد کاناقابل تردید ثبوت ہے۔ مثبت معاشی عشاریے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔وزیراعلی ٰ نے کہاکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے ،روٹی سمیت دیگر اشیا کے نرخ میں مزید کمی ہوگی۔ مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور پاکستانی کرنسی مستحکم ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تاجروں صنعتکاروں اورسرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہے۔ پاکستان میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کیلئے شہباز شریف حکومت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔