اپوزیشن جماعتیں مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے ’’مجرا‘‘ کررہی ہیں، مودی

26 مئی ، 2024

اسلام آباد(محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی اتحادی جماعتیں مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے’’ مجرا ‘‘کر رہی ہیں،اپوزیشن رہنمائوں نے مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے لیا ہے، کانگریس کی سیکرٹری پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ مودی کو اپنے منصب کا بھی پاس نہیں ہے ، مودی مغلظات پر اتر آئے ہیں ، شیو سینا (اودھو ٹھاکرے گروپ) کی رکن پارلیمان پرینکا چترویدی نے وزیر اعظم مودی کے جلد ٹھیک ہونے کیلئے دعا کی،اپوزیشن جماعت آر جے ڈی نے مودی کے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، سینئر کانگریس رہنما پون کھیڑہ نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور وزیرِ داخلہ امت شاہ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مودی کا علاج کروائیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتے کو الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کا ’انڈیا‘ اتحاد مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے ’مجرا‘ کر رہا ہے۔