پاکستان میں کورونا ویکسین کےمِکس اینڈ میچ‘ کلینیکل ٹرائلز کا آغاز

28 نومبر ، 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے ادارہ برائے قومی صحت نے کورونا ویکسین کے ’مِکس اینڈ میچ‘ کلینیکل ٹرائلز کی منظوری دے دی، ٹرائلز کے تحت ایسٹرازینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو بائیو کی تیار کردہ کورونا ویکسینز کی مختلف خوراکیں دی جائیں گی۔ قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے ایک ترجمان نے ایک نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مِکس اینڈ میچ کلینیکل ٹرائلز قومی ادارہ برائے صحت اور آغا خان یونیورسٹی کی زیر نگرانی کیے جائیں گے جس میں آکسفورڈ یونیورسٹی، ہارورڈ میڈیکل اسکول سے اشتراک کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹرائلز کے دوران ایسٹرازینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو بائیو کی کورونا ویکسین کے مختلف کامبی نیشن بنا کر خوراک دی جائے گی اور اس سے آنے والے انسانی جسم پر اثرات کو دیکھا جائے گا۔ جبکہ ویکسین کی افادیت اور نئی ویریئنٹس پر ویکسین کے اثرات کو بھی جانچا جائے گا۔ حکام کے مطابق ان کلینکل ٹرائلز کی کامیابی کی صورت میں کورونا ویکسین کی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں ہوگا اور ویکسین لگانے کی مہم میں تیزی آئے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ ٹرائلز کے تحت بوسٹر شاٹس لگانے کے حوالے سے بھی ڈیٹا کو دیکھا جائے گا۔ مِکس اینڈ میچ ٹرائلز کے دوران دو مختلف ویکسینز کی خوراکیں یکے بعد دیگرے لگائی جاتی ہیں۔ حکام کے مطابق لاہور کراچی اور اسلام آباد میں مِکس اینڈ میچ کلینیکل ٹرائلز کیے جائیں گے جس میں 18 سال سے زائد عمر کے دو ہزار رضا کاروں کو شامل کیا جائے گا۔ حکام نے مزید بتایا کہ ان ٹرائلز کے دور رس نتائج حاصل کرنے کے لیے 24 ماہ تک رضاکاروں کی نگرانی کی جائے گی تاہم اس کے ابتدائی نتائج آئندہ برس مارچ تک شائع کیے جانے کا امکان ہے۔