چینی ماہرمعاشیات کیساتھ ملاقات کی فیک نیوز، شوکت ترین کاایف آئی اے میں شکایت درج کرانیکافیصلہ

28 نومبر ، 2021

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم کے مشیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے چینی ماہرمعاشیات کے ساتھ ملاقات اورگفتگو پرمبنی فیک نیوز کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے میں شکایت درج کرنے ، فیک نیوز کے ذرائع کی نشاندہی اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا فیصلہ کیاہے۔ ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں مشیرخزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہاکہ فیک نیوز موجودہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے،مشیرخزانہ کی مشترکہ اجلاس میں چینی ماہر معاشیات کے ساتھ ملاقات اورگفتگو سے متعلق فیک نیوز گردش کر رہی ہیں جو سوشل میڈیا پرچلنے والے ایک فضول پیغام کے علاوہ کچھ نہیں ، مشیرخزانہ کی چینی ماہرمعاشیات سے اس طرح کی کوئی ملاقات یا بات چیت نہیں ہوئی ۔ ترجمان نے کہاکہ اس فیک نیوز کا مقصد مایوسی پھیلانا ہے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے اس فیک نیوز کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی فیک نیوزملک میں براہ راست غیرملکی سرمای کاری میں رخنہ ڈالنے کی منظم مہم کا حصہ ہے۔