گیس کی قیمت 907سے بڑھاکر 1484روپے فی یونٹ کرنے کی تیاریاں

29 نومبر ، 2021

لاہور(تجمل گرمانی) گیس بحران کے بعد اوگرا نےگیس کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں مکمل کرلیں ۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے گیس کی قیمت 907روپےفی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ سے بڑھا کر1484روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی درخواست کی ہے ، جس سے گیس قیمتوں میں 160فیصد اضافہ ہو جائے گا، گیس قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا یکم دسمبر کو لاہور میں عوامی سماعت کریگی۔سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزانتظامیہ نےکہا ہے کہ پنجاب میں بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی بند نہیں ہو گی ،انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سندھ میں بجلی گھروں کو گیس کی بندش کے باوجود پنجاب میں آئی پی پیز کو گیس کی سپلائی ستور جاری رکھیں گے۔ ادھر سوئی ناردرن کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپریسرز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف مہم جاری ہے ۔کمپریسر کا استعمال کرنے والے صارفین کی گیس سپلائی منقطع کی جائے گی۔