جیلوں کی سکیورٹی‘NRTC کو 53کروڑ 40لاکھ ادا کر نیکی منظوری

29 مئی ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے صوبے کی جیلوں میں جیمرز اور سیکورٹی آلات نصب کرنے والے وزارت دفاع کے ذیلی ادارے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کام کمپنی (این آر ٹی سی ) کے واجب الادا 53کروڑ 40لاکھ ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ مذکورہ رقم 2019ء سے جیلوں میں این آر ٹی سی کی طرف سے جیمرز اور سیکورٹی آلات لگائے جانے کے بعد واجب الادا تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی طرف سے جدید آلات خریدنے اور بعض کی مرمت کروانے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس پر کابینہ کمیٹی نے فوری طور پر پی ایف ایس اے کو 30کروڑ روپے جاری کرنے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کی طرف سے کئے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مختلف ڈیوٹیوں کے انٹرنل سیکورٹی کلیمز کی ادائیگی بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ تھی۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے پنجاب رینجرز کو ان مدوں میں 34کروڑ روپے کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کئے جبکہ نیوزی لینڈ پاکستان کرکٹ سیریز میں سیکورٹی پر آنے والے اخراجات کی مد میں ڈپٹی کمشنر لاہور کو 20کروڑ اور ڈی سی راولپنڈی کو 8کروڑ روپے ادائیگی کی منظوری دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں نے جھنگوی چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں پر حالیہ حملے میں جدید ترین نائٹ ویثرن تھرمل ڈیوائسز کا ستعمال کیا اور ایسے ہتھیار استعمال کئے جو ایف بی آئی اور نیول سیلز کے پاس موجود ہوتے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس کے پاس اتنے جدید ہتھیار نہیں کہ وہ دہشت گردوں کے ا ساتھ ان ہتھیاروں کی موجودگی میں لڑ سکیں۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے اجلاس میں شریک پنجاب پولیس کے اعلی حکام سے کہا کہ وہ دہشت گردوں سے مقابلے کے لئےجدید ترین نائٹ ویثرن تھرمل ڈیوائسزخریدنے کے حوالے سے فوری طور پر اپنی ضروریات کی لسٹ فراہم کریں ۔ سٹینڈنگ کمیٹی نے پولیس حکام سے کہا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن دشوار ہوتا ہے ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پنجاب پولیس کو کچہ آپریشن کے لئے ڈرونز اور کوآڈ کاپٹر بھی خریدے جائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے جدید سیکورٹی آلات ، ڈرونز اور کاپٹرز کی ڈیمانڈ سٹینڈنگ کمیٹی کو دینے کے لئے ورک آئوٹ شروع کر دیا ہے۔