شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ ، کم وولٹیج کی بھی شکایات

29 مئی ، 2024

ملتان،کوٹ ادو (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار ) میپکوانتظامیہ کے اس دعویٰ کے باوجود کہ ریجن بھر میں بغیر کسی تعطل کے بجلی کی فراہمی جاری ہے،بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے،بعض علاقوں میں دو 2گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے،جس نے شدید گرمی میں لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے،اسی طرح ٹرپنگ اور کم وولٹیج کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں ،جس سے صارفین کے گھریلو الیکٹرک اشیاءخراب ہورہی ہیں۔ جھلسا دینے والی گرمی کے ساتھ لوڈ شیڈنگ شہریوں کیلئےدہری اذیت بن گئی، کوٹ ادو کے دیہی وسٹی فیڈروں پر6سے8گھنٹے کی طویل فورس لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہےجسکی وجہ سے کاروبار مکمل ٹھپ ہو کر رہ گئے، بجلی نہ ہونے سے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے،شدید گرمی سے ہیٹ اسٹروک، ڈائریا اور گیسٹرو کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے،شہریوں کا شکوہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ اور بجلی کی فراہمی میں کمی آتی جارہی ہےجبکہ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بند ش نے نظام زندگی بری طرح مفلوج کرکےرکھ دیاہے،شہریوں سمیت تاجر تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے فوری خاتمے کامطالبہ کیا ہے،شہریوں نے سی ای او میپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرنے والے میپکو افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔