اڈیالہ جیل میں عمران اور بشریٰ بی بی کو روم کولر کی سہولت بھی مل گئی

29 مئی ، 2024

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) اڈیالہ جیل میں قیدیوں کو گرمی سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کرلئے گئے ،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے 13مئی کوتمام ریجنل ڈی آئی جیز اور صوبہ کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو انتہائی گرم موسم کومدنظررکھتے ہوئے جیلوں میں اسیروں ک کوگرمی سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کا حکم دیاتھا ،جیل حکام کے مطابق تمام قیدیوں اور ملازمین کے لئے صاف اور ٹھنڈے پانی کا بندوبست کیا گیاہےاور اسیروں کے نہانے کیلئے وافر مقدار میں پانی کی فراہمی کویقینی بنایا جارہا ہے بانی پی ٹی آئی ،ان کی اہلیہ اور شاہ محمودقریشی سمیت بیٹر کلاس کے اسیروں کو روم کولر فراہم کئے گئے ہیں ، جیل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ ، الیکٹرک واٹر کولرز،چلرز،اور چھت والے پنکھوں کو درست حالت میں رکھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں اڈیالہ جیل میں ہیٹ سٹروک روم قائم کردیاگیا ہے جہاں آئس باکس ، اور آئس ہمہ وقت مناسب مقدار میں دستیاب ہے، مزید یہ کہ مطبخ خانے میں کام کرنیوالے اسیروں اور جیل کی بیرونی دیواروں اورپوسٹوں پرتعینات عملے کو کچی لسی اور لیموں پانی فراہم کیاجارہا ہے ، خواتین اور نوعمر اسیروں کو بھی روزانہ کی بنیاد پر ایک دفعہ لیموں پانی دیاجاتا ہے ، بیرونی ڈیوٹی پر مامور ملازمین کیلئے چھتریاں فراہم کی گئی ہیں ۔