خانیوال،ڈپٹی کمشنر کا فیلڈ ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، خسرہ سے متاثرہ بچوں کا معائنہ

29 مئی ، 2024

خانیوال (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھونے کبیروالا کے علاقہ 3 کسی میں قائم فیلڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کرکے خسرہ اور چکن پاکس کی وباسے متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ کا معائنہ اور فیلڈ ہسپتال میں سہولیات چیک کیں، انہوں نے اہل علاقہ سے وباو ضلعی انتظامیہ کے اقدامات بارے استفسار کیا، وسیم حامد سندھو نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں قائم 3 خصوصی وارڈزکا بھی معائنہ کیا جہاں خسرہ اور چکن پاکس سے متاثرہ بچوں کیلئے 30 بیڈز مختص ہیں اور 18 کا علاج جاری ہے، وسیم حامد سندھو نے اس موقع پر کہا کہ فیلڈ ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتال میں وباسے متعلقہ تمام ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے، محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکر متاثرہ بچوں کی نشاندہی کررہی ہیں، اب تک 500 بچوں کی ویکسی نیشن بھی کرلی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ڈی ہائیڈریشن کے علاج کی بھی سہولتیں دستیاب ہیں، والدین بچوں کے علاج کیلئے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جاں بحق بچوں کے والدین کے غم میں برابر شریک ہے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کبیروالا محسن عالم اور ایم ایس ڈاکٹر میثم بھٹہ بھی ہمراہ موجود تھے۔