پاکستان سے براہ راست برطانیہ کے لیے پروازیں، وفد کی لاہور آمد

29 نومبر ، 2021

کراچی( اسد ابن حسن)پاکستان سے برطانیہ کے لئے پی آئی اے کی پروازوں سے متعلق سیکورٹی انتظامات جائزے کے لئے برطانوی محکمہ ڈی ایف ٹی کا وفد لاہور پہنچ گیا ۔ڈی ایف ٹی کا چار رکنی وفد پیر کو سیکورٹی انتظامات جائزے کے لئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرے گا. ڈی ایف ٹی وفد کو لاہور ایئرپورٹ کے منیجر براہ راست پروازوں کے لئے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دیں گے.دورہ پاکستان میں ڈی ایف ٹی وفد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بھی دورہ کرے گا.وفد ان ہوائی اڈوں پر مشترکہ تلاشی بیگیج کاؤنٹرز کا معائنہ، ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان، اسکریننگ اور دیگر حفاظتی آلات کی جانچ پڑتال کے عمل کی بھی نگرانی کرے گا.گزشتہ سال فروری میں برطانوی محکمہ ڈی ایف ٹی اور پی آئی اے انتظامیہ نے ملک کے ہوائی اڈوں پر ایک نیا سیکیورٹی نظام تیار کرنے پر اتفاق کیا تھا. سیکورٹی نظام کی تیاری پر اتفاق ڈی ایف ٹی کے تین رکنی وفد،پی آئی اے، اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مابین ملاقات میں کیا گیا تھا.