مسابقتی کمیشن جلد گھی و آئل ملز کو نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کریگا

29 نومبر ، 2021

اسلام آباد (حنیف خالد) کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان (مسابقتی کمیشن) کا ہفتہ رواں میں غیر معمولی اجلاس ہو گا۔ یہ اجلاس سپریم کورٹ آف پاکستان کی ڈائریکشن کے مطابق کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان لاء کے تحت گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹریز کو نوٹسز جاری کریگا۔ جس میں یہ تفصیلات طلب کی جائینگی کہ 2019ء اور 2020ء میں گھی اور کوکنگ آئل کی ملوں کی آر بی ڈی پام آئل‘ آر بی ڈی پامولین‘ سویا بین آئل کی لینڈڈ کاسٹ کیا تھی؟ اس وقت تینوں خام آئلز کی انٹرنیشنل پرائس کیا تھی؟ پاکستان وناسپتی گھی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ملک بھر میں 117کارخانے ممبر ہیں۔ ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ کیا سارے 117ممبرز گھی ملز‘ کوکنگ آئل ملز سے مسابقتی کمیشن یہ ڈیٹا لے گا یا مخصوص گھی اور ویجی ٹیبل آئل ملز سے یہ ڈیٹا لینے تک محدود رہے گا۔ ڈیٹا میں یہ بھی پوچھا جائیگا کہ آپ نے کس پرائس پر آر بی ڈی پام آئل‘ آر بی ڈی پامولین‘ سویا بین آئل درآمد کیا اور پھر آپ کے کارخانوں میں ضروری پروسیسنگ کے بعد کس بھائو پر ہر ایک کارخانے نے پاکستان میں کس بھائو پر گھی اور پکانے کا تیل فروخت کیا؟ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان کی چیئر پرسن راحت کونین حسن نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ڈائریکشن پر سو فیصد عمل کرنے کا عزم کیا ہے۔