حالات سازگار ہوچکے ، جلد غربت و بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، فرخ حبیب

29 نومبر ، 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے تین سال میں برآمدات، صنعت و تجارت، زراعت اور ملکی معیشت کوترقی کی راہ پر گامزن کردیااورتعمیراتی شعبہ بھی پورے عروج پر ہے،حالات سازگار ہوچکے ہیں ، جلد غربت و بیروزگاری کا خاتمہ ہوگاا،اپنے حلقہ نیابت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پتہ چلا کہ زرداری اور شریف خاندان ملک کوقرضوں کی دلدل میں ڈوبا ہوا چھوڑ کر گئے ہیں اور ملک کے پاس صرف 15 دن کے ریزرو موجود تھے، ٹیکسٹائل سیکٹر تباہ ہوچکا تھا، کسان کا استحصال کیا جارہا تھا،عام آدمی کی حالت انتہائی خراب ہوچکی تھی لیکن عمران خان نے ہمت نہ ہاری اور دن رات ملکی ابتر حالت سدھارنے کیلئے کام کیا اور آج ہمارے پاس 4 ماہ کا امپورٹ بل ادا کرنے کیلئے ڈالر موجود ہیں،ہماری ایکسپورٹ 25.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو جلد 30 ارب ڈالر تک پہنچ جا ئے گی، آئی ٹی کی برآمدات 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں جو جلد 3 ارب ڈالر ہوجائیں گی، لارج سکیل مینو فیکچرنگ میں اضافہ ہورہا ہے،گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، ٹریکٹرز اور دیگر زرعی مشینری کی ریکارڈ سیل ہورہی ہے، ہم تیزی سے پائیدار گروتھ کی جانب گامزن ہیں اور پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن عروج پر ہے، انہوں نے کہا کہ سابق حکمران دنیا بھر میں منی لانڈرنگ، کرپشن اور لوٹ مار کے نام پر مشہور تھے اور دنیا بھر میں ان کی چوری پر کتابیں لکھی جارہی ہیں، ہم نوجوانوں کے روزگار کیلئے 100 ارب کے قرضے دے رہے ہیں،کم آمدنی والے لوگوں کیلئے راشن پروگرام شروع کیا گیاہے۔